ٹرینوں کا ہولناک حادثہ، 64 افراد ہلاک،وزیراعظم نے اپنی تمام سرکاری مصروفیات منسوخ کر دیں

 

اسپین (ابلاغ نیوز) اسپین کے صوبہ قرطبہ میں دو تیز رفتار ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 64 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ حادثے کے وقت دونوں ٹرینوں میں مجموعی طور پر 544 مسافر سوار تھے۔ واقعے کے بعد میڈرڈ سے جنوبی علاقے اندلس جانے والی ریلوے لائن پر آمدورفت معطل کر دی گئی جبکہ وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے اپنی تمام سرکاری مصروفیات منسوخ کر دیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حادثہ صبح تقریباً 9 بجے پیش آیا، جب میڈرڈ سے اندلس جانے والی ریلوے لائن پر دو تیز رفتار ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ تصادم کے نتیجے میں اریو کمپنی کی ٹرین کی دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔

حکومتی ترجمان کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ایک ٹرین میں 147 جبکہ دوسری میں 397 مسافر سوار تھے۔ حکام حادثے کی وجوہات اور زخمیوں سے متعلق تفصیلات جمع کر رہے ہیں۔

ریلوے حکام نے حادثے کے بعد میڈرڈ اور اندلس کے درمیان ٹرینوں کی آمدورفت معطل کرنے کا اعلان کیا۔ حادثے میں رینفے اور اریو کمپنیوں کی ٹرینیں متاثر ہوئیں۔

علاقائی ذرائع ابلاغ کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر میں پٹڑی سے اتری ہوئی ٹرین کی بوگیاں، ٹوٹے ہوئے دھاتی حصے اور ملبہ دکھائی دیا۔ حادثے کی شدت کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ہسپانوی ریڈ کراس کے قومی ہنگامی امدادی شعبے کے ڈائریکٹر اِنیگو ویلا کے مطابق حادثہ پہاڑی علاقے میں پیش آیا، جہاں زیتون کے باغات موجود ہیں۔ جائے حادثہ تک پہنچنے کے لیے صرف ایک تنگ سڑک ہونے کے باعث امدادی ٹیموں اور ایمبولینسوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

قریبی قصبے کے میئر مینوئل گالان نے بتایا کہ امدادی اداروں نے مقامی انتظامیہ سے ہنگامی انتظامات کرنے کی درخواست کی تھی تاکہ متاثرہ افراد کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

حادثے کے بعد وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے اپنی سرکاری مصروفیات منسوخ کر دیں جبکہ حزب اختلاف کی جماعت پیپلز پارٹی نے بھی اپنی انتخابی سرگرمیاں ملتوی کر دیں۔

واضح رہے کہ اسپین میں اس سے قبل بھی تیز رفتار ٹرین کا ایک بڑا حادثہ پیش آ چکا ہے۔ رواں سال جنوری میں صوبہ قرطبہ کے قریب ایک ٹرین پٹڑی سے اتر کر مخالف سمت سے آنے والی ٹرین سے ٹکرا گئی تھی، جس کے نتیجے میں 46 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد ملک میں ریلوے نظام کی دیکھ بھال اور حفاظتی انتظامات پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔

حالیہ حادثے کے بعد بھی ریلوے نظام کی حفاظت، ٹرینوں کی دیکھ بھال اور مسافروں کے تحفظ سے متعلق اقدامات پر توجہ مرکوز ہونے کا امکان ہے۔

 

متعلقہ خبریں