اسلام آباد (ابلاغ نیوز)اڈیالہ جیل سے ساڑھے 3 ہزار قیدی اسلام آباد ماڈل جیل منتقل کرنے کا فیصلہ، پہلے مرحلے میں 1500 قیدیوں کی منتقلی ہوگی،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل سے ساڑھے 3 ہزار قیدیوں کو اسلام آباد کی ماڈل جیل منتقل کیا جائے گا، جبکہ پہلے مرحلے میں 1500 قیدیوں کی منتقلی عمل میں لائی جائے گی۔
اسلام آباد ماڈل جیل میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ جیل میں قیدیوں اور ان سے ملاقات کے لیے آنے والے افراد کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی بحالی کے لیے بھرپور محنت کی گئی ہے اور یہاں جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق اسلام آباد ماڈل جیل کی تعمیر کا آغاز 2009 میں ہوا تھا، تاہم گزشتہ کئی برسوں سے یہ منصوبہ تعطل کا شکار رہا۔ 2024 میں جب موجودہ حکومت نے اس منصوبے پر کام شروع کیا تو وہاں صرف ایک عارضی ڈھانچہ موجود تھا۔
محسن نقوی نے کہا کہ 2024 سے ماڈل جیل کی تعمیر اور تکمیل کے لیے دوبارہ کام شروع کیا گیا، جس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق طلال چوہدری منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے باقاعدگی سے جیل کا دورہ کرتے رہے۔
اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو بھی اسلام آباد کی ماڈل جیل منتقل کیا جائے گا؟ تاہم محسن نقوی نے اس سوال کا واضح جواب دینے کے بجائے مجموعی طور پر اڈیالہ جیل سے ساڑھے 3 ہزار قیدیوں کی منتقلی کے منصوبے سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 1500 قیدیوں کو منتقل کیا جائے گا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف جلد اسلام آباد ماڈل جیل کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔
ماڈل جیل میں قیدیوں کے لیے جدید سہولتوں کی فراہمی اور انتظامی نظام کو بہتر بنانے کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔ تاہم بانی پی ٹی آئی کی ممکنہ منتقلی کے حوالے سے تاحال کوئی واضح اعلان سامنے نہیں آیا۔






