ریاض:سعودی عرب میں شہریوں کے لیے ماہانہ مالی ریلیف پیکج کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے تحت اہل ملازمین اور مستحق خاندانوں کو بجلی اور پانی کے نرخوں میں مجوزہ تبدیلیوں کے اثرات سے بچانے کے لیے اضافی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ سعودی سرکاری خبر رساں ادارے (ایس پی اے) کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی تجویز پر خصوصی ریلیف پیکج کی منظوری دی ہے۔ ان اقدامات کا اطلاق یکم جنوری 2027 سے بجلی اور پانی کے نرخوں میں مجوزہ تبدیلیوں کے معاشی اثرات کم کرنے کے لیے کیا جائے گا۔
منظور شدہ پیکج کے تحت سول سروس کے ملازمین اور آپریشنل پروگراموں کے تحت کام کرنے والے سول و فوجی اہلکاروں کو ماہانہ 500 سعودی ریال اضافی الاؤنس دیا جائے گا۔ اس سہولت میں ریٹائرڈ ملازمین اور وفات پا جانے والے اہلکاروں یا پنشنرز کے اہل ورثاء کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سوشل سیکیورٹی سے مالی امداد حاصل کرنے والے مستحق خاندانوں کو بھی ماہانہ 500 سعودی ریال فراہم کیے جائیں گے، تاکہ بجلی اور پانی کے نرخوں میں تبدیلی کے نتیجے میں گھریلو اخراجات میں اضافے کا بوجھ کم کیا جا سکے۔
دوسری جانب سعودی عرب میں نجی شعبے کے اندر شہریوں کے روزگار کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ’نطاقات‘ پروگرام کے تحت کم از کم ماہانہ تنخواہ میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اعلان کے مطابق پہلے مرحلے میں کم از کم ماہانہ اجرت 5 ہزار سعودی ریال مقرر کی جائے گی، جسے 12 ماہ بعد بڑھا کر 6 ہزار سعودی ریال کر دیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد شہریوں کی آمدن بہتر بنانا، بڑھتے ہوئے اخراجات کے اثرات کم کرنا اور نجی شعبے میں روزگار کے پائیدار مواقع کو فروغ دینا ہے۔ اس پیکج کے ذریعے اہل ملازمین، ریٹائرڈ افراد اور مستحق خاندانوں کو مالی سہارا فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔











