نئی دہلی: بھارتی ریاست اتر پردیش میں پسند کی شادی کی خاطر 19 سالہ لڑکی کے 100 فٹ بلند موبائل ٹاور پر چڑھنے کا غیر معمولی اور ڈرامائی واقعہ پیش آیا ہے، جہاں پولیس کی مداخلت اور کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آن لائن نکاح پڑھوا کر معاملے کو بحفاظت حل کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اتر پردیش کے ضلع بہریچ کے گاؤں عشرینہ میں پیش آیا، جہاں 19 سالہ ‘مہک’ کا 21 سالہ ‘نورالدین’ کے ساتھ گزشتہ 5 ماہ سے تعلق تھا۔ برادری کے فرق کے باعث دونوں خاندان اس شادی کے سخت مخالف تھے۔ والدہ سے تلخ کلامی کے بعد مہک صبح تقریباً 6 بجے 100 فٹ بلند ٹاور پر چڑھ گئی اور دھمکی دی کہ زبردستی نیچے اتارنے پر وہ چھلانگ لگا دے گی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی افراد کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے تقریباً 4 گھنٹے تک لڑکی کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ شادی کی ضدی شرط پر قائم رہی۔ نورالدین روزگار کے سلسلے میں ممبئی میں موجود تھا، جس پر پولیس نے دونوں خاندانوں کے درمیان مذاکرات کروائے اور بالآخر انہیں شادی پر رضامند کر لیا۔










